کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش

ویب ڈیسک  بدھ 29 مارچ 2023
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

  کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز ہوگیا جو اگلے کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں صدر، گلستان جوہر، گلشن، اسکیم 33، ڈیفنس، کلفٹن، ملیر اور ایئرپورٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، اس دوران شہر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوگی۔ کئی علاقوں میں بادل گرجے اور بجلی چمکتی رہی، بارش کے دوران معمول سے زیادہ تیز ہوائیں چلیں،جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی اورموسم خوشگوار ہوگیا۔

ہلکی بارش سے سڑکوں پر پھسلن ہے لہذا موٹر سائیکل سواروں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو برقی آلات سے بھی دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی  پیش گوئی کے مطابق مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ بن رہا ہے جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ صبح  تک ہلکی بارش اور بونداباندی متوقع ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔