جرمنی میں حکومت کا تختہ الٹنے کا منصبوبہ ناکام، فوجیوں سمیت 25 گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 8 دسمبر 2022
مشتبہ دہشت گرد نیٹ ورک رائش سٹیزنز موومنٹ کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، وزیر انصاف (فوٹو انٹرنیٹ)

مشتبہ دہشت گرد نیٹ ورک رائش سٹیزنز موومنٹ کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، وزیر انصاف (فوٹو انٹرنیٹ)

برلن: جرمنی میں حکومت کے خلاف سازش کرکے اقتدار کا تختہ الٹنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ ملک بھر میں چھاپا مار کارروائیوں میں دائیں بازو کی تنظیم سے وابستہ 25 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق وفاقی جرمن پولیس نے بدھ کے روز ملک میں  دائیں بازو کے گروہ کے مشتبہ اراکین کو گرفتار کرنے کے لیے وسیع کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران مختلف شہروں سے 25 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ جرمن وزیر انصاف مارکو بوشمن کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جن پر ریاستی اداروں پر مسلح حملے کی منصوبہ بندی کا شبہ ہے۔

قبل ازیں جرمن وفاقی پراسیکیوشن ایجنسی اور وزیر انصاف نے کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشتبہ دہشت گرد نیٹ ورک رائش سٹیزنز موومنٹ کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف بغاوت کے الزام میں  گرفتار ایک حاضر سروس فوجی اور فوج ہی کے کئی سابق اہل کاروں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

چھاپا مار کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے افراد پر الزام ہے کہ وہ گزشتہ برس نومبر سے جرمنی میں بغاوت کا منصوبہ بنا رہے تھے اور اس سلسلے میں وہ مشقوں سمیت اپنی ہر طرح کی سرگرمی میں مصروف رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔